29 دسمبر ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوامیں کرپٹ اور نا اہل افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تین دنوں میں مزید 9 ایس ایچ اوزمعطل کردیئے گئے۔ ڈھائی ماہ میں 160 سے زیادہ افسران واہلکاروں کو معطل کیا جا چکا ہے۔عادل پرویزکی رپورٹ تین دنوں میں کرپشن ثابت ہونے پر مختلف تھانوں کے9ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا۔ کرپٹ اہلکاروں کے خلاف ماہ اکتوبر میں کارروائیوں کا آغاز ہوا۔23 اکتوبر کو پشاور پولیس کے 5 بااثر ایس ایچ اوز سمیت 10افسر معطل ہوئے۔ 26 اکتوبر کو مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان ریجنز میں مختلف رینک کے 81 افسروں کو معطل کرکے انکے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ 27 اکتوبر کوکوہاٹ اور ہزارہ ڈویژن کے 26 افسروں کو نااہلی کے الزام میں معطل کیا گیا۔ 28 اکتوبر کو پشاور کے تین تھانوں ناصر باغ، ریگی اور ریگی ماڈل ٹاون کے21 اہلکار غیر حاضری پر معطل کئے گئے۔ 3 نومبر کو ایس ایچ او تھانہ گلبہار معطل ہوا۔ 30 نومبر کو مسلسل غیر حاضری پر 10 اہلکار فارغ کئے گئے۔ 12 دسمبر کو ایک ڈی ایس پی سمیت چارپولیس افسروں کو معطل کردیاگیا۔ 27 دسمبر کو 6 اور 29 دسمبر کو مزید تین ایس ایچ اوز کو کرپشن کے الزام میں معطل کرکے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ ڈھائی ماہ کے عرصہ میں مجموعی طور160 سے زیادہ کرپٹ اورکام چورافسران و اہلکار معطل ہوئے۔