30 دسمبر ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ق کے رہنما اور سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف کیسز سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے،بے شک ہمارے خلاف بھی کیس چلا دیں،مشرف کے ساتھ فوج سمیت سب کے خلاف کیس چلنا چاہیے۔چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ 3نومبر کے اقدامات کے متعلق جو کہتے ہیں کہ اعتماد میں نہیں لیا گیا، جھوٹ بولتے ہیں، افتخار محمد چوہدری کو عہدے سے ہٹانے سے پہلے ان سے ملاقات کی تھی، افتخار چوہدری کو عہدے سے ہٹانے کے بعد شوکت عزیز نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے ساتھ فوج سمیت سب کے خلاف کیس چلنا چاہیے، بے شک ہمارے خلاف بھی کیس چلا دیں،پرویز مشرف کے خلاف کیسز سیاسی بنیادوں پر اور مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے شروع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج پرویز مشرف کے خلاف مقدمات سے لاتعلق رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افتخارمحمد چوہدری سیاست میں آئے تو بڑی غلطی کریں گے، کچھ قومی امور پر مسلم لیگ (ن)کے ساتھ چل سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، بلدیاتی انتخابات میں ہارنے کے ڈر سین لیگ ٹکٹیں تقسیم نہیں کررہی، ملک میں امن برقرار رکھنے کی حد تک ایمرجنسی کے حق میں تھا۔