05 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس اہلکار عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہ نما کی سیکیورٹی پر مامور تھے ۔ بلدیہ ٹاوٴن نمبر چار میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہ نما رزاق بونیری کی دکان دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی گئی ، جس سے رزاق بونیری کی سیکورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار عبدالرحیم اور خان محمد شدید زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کیا جارہاتھا کہ راستے میں دم توڑ گئے دہشت گرد ملزمان پولیس اہلکاروں کی سب مشین گن بھی چھین کر فرار ہوگئے ۔رزاق بونیری حملے میں محفوظ رہے ۔ترجمان اے این پی سندھ نے رزاق بونیری پر حملے اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ حکومت اے این پی کے رہ نماوٴں کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے جبکہ قاتلوں کی خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔