29 مارچ ، 2012
چارسدہ … جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقتدار پر قابض سیاسی دہشت گردوں نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، موجودہ دور حکومت میں عوام کو صرف جھوٹے وعدوں پر بہلایا جا رہا ہے۔ چارسدہ کے علاقہ ترناب میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئی ہے، ملک کی خود مختاری امریکا کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک کی سا لمیت کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران نیٹو سپلائی لائن بحال کرنے کی غلطی نہ کریں اگر ایسا کیا گیا تو اس سے ملک میں دہشت گردی بڑھی گی اور امن وامان کی صورتحال مزید خراب ہوگی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام کیلئے آپریشن کے بجائے جرگہ سسٹم کا سہارا لیا جائے اور قبائلی عمائدین کو اعتماد میں لے کر قیام امن کیلئے کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی اس ملک میں اللہ کا نظام قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس کے ہاتھ میں فیصلہ کرتے وقت انگریز کے قانون کی کتاب کے بجائے قرآن پاک ہو۔ سراج الحق نے صوبائی حکومت کی کرپشن اور بے قاعدگیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اے این پی قوم پرست پارٹی نہیں بلکہ ڈالر پرست اور روبل پرست پارٹی ہے۔ جلسے میں سینکڑوں افراد نے دیگر پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔