Time 25 فروری ، 2025
پاکستان

تحریک انصاف نے پانی کے مسئلے پر سندھ کی حمایت کر دی

تحریک انصاف نے پانی کے مسئلے پر سندھ کی حمایت کر دی
پی ٹی آئی کے رہنما گھمن ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے —فوٹو: آئی این پی

پاکستان تحریک انصاف نے پانی کے مسئلے پر سندھ کی حمایت کر دی۔

پیر کو محمود اچکزئی کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قادر مگسی اور ایاز لطیف پلیجو سے ملاقاتوں میں سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر نے پانی کے مسئلے پر سندھ کی حمایت کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی وفد دیگر جماعتوں سے بات چیت کے لیے سندھ کے دورے پر ہے۔ یہ وفد پہلے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔

گھمن ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پورے پاکستان کے مسائل ایک جیسے ہیں۔ جو الائنس بنایا گیا ہے اس کا مقصد پاکستان کے ہر خطے کے لوگوں کو ان کے حقوق دلانا ہے۔ سندھ دھرتی کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں جانے دیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پانی سے بڑا کوئی حق نہیں، اب یہ حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اسد قیصر  نے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی کا رُخ موڑ کر سندھ کو حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی نہ چاہے تو یہ حکومت دو دن بھی قائم نہیں رہ سکتی۔

اس سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر قادر مگسی نے کہا کہ پانی سے متعلق ہمارا مؤقف مشترک ہے۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد سے استدعا کی ہے کہ وہ سندھ کے پانی کے مسئلے پر اسٹینڈ لے، ماضی میں بھی ن لیگ نے سندھ کے لوگوں کو نظر انداز کیا اوراب بھی کر رہی ہے۔


مزید خبریں :