29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ کراچی میں فساد پھیلانے والے خود کراچی والے ہی ہیں، فوج بھجوائے بغیر ہی کراچی کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں، امریکی حملے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، امریکا کو اپنی غلطی پر معافی مانگنی چاہئے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ کراچی میں آئے دن حالات خراب ہوتے ہیں اور پھر ٹھیک بھی ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات معمول پر لانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے اور جلدمشن میں کامیاب بھی ہو جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے سالہ چیک پوسٹ پر حملہ کر کے جانوں کا جو نقصان کیا اس کا ازالہ ممکن نہیں، تاہم امریکا کو اپنی غلطی کی معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ نے امریکا کو بتا دیا ہے کہ ہم ان کے احکام کو ماننے کے پابند نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے امریکی جنرل کی ملاقات امریکا کی طرف سے اچھا اقدام ہے تاہم چیف آف آرمی اسٹاف اشفاق پرویزکیانی پارلیمانی کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ پاکستان آئندہ امریکا کے ساتھ کن لائنز پر چلنا چاہتا ہے۔