پاکستان
29 مارچ ، 2012

کوئٹہ: اسپنی واقعے کے بعد فائرنگ، مزید 2 افراد جاں بحق، کل ہڑتال کا اعلان

کوئٹہ: اسپنی واقعے کے بعد فائرنگ، مزید 2 افراد جاں بحق، کل ہڑتال کا اعلان

کوئٹہ … کوئٹہ میں آج صبح اسپنی روڈ پر فائرنگ کے واقعہ میں 6 افراد کی ہلاکت کے بعد مشتعل مظاہرین کا شدید احتجاج، ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون بھی زخمی ہوگئی، واقعہ کے خلاف کل کوئٹہ شہر میں شٹرڈاوٴن ہڑتال کا اعلان کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق آج صبح اسپنی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد کی ہلاکت کے خلاف مشتعل مظاہرین نے بروری روڈ، میزان چوک سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھرپور احتجاج کیا۔ انہوں نے بروری روڈ پرپولیس کی ایک چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا جبکہ ہوائی فائرنگ کے دوران اندھی گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی، مشتعل مظاہرین نے کامرس کالج اور اس سے ملحقہ سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی، اس دوران 10 مظاہرین کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے اسپنی روڑ فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ کوئٹہ زون، جے ڈبلیو پی، بی این پی، مرکزی انجمن تاجران اور تحفظ عزاداری کونسل نے اسپنی روڈ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کل کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال کا اعلان کر دیا جس کی سیاسی اور سماجی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ صبح نامعلوم مسلح افراد نے اسپنی روڈ کے قریب ایک وین پرفائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افرادجاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد مشتعل افراد نے بروری روڈ، لیاقت بازار، جناح روڈ، میزان چوک پر احتجاجاً ٹائرجلا کرمظاہرہ کیا جبکہ بروری روڈ، اسپنی روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی اور جلاوٴ گھیراوٴ کا کھیل جاری رہا۔

مزید خبریں :