10 جنوری ، 2014
دبئی…دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روزسری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں388رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح اسے پاکستان کے خلاف 223رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ پر سری لنکن ٹیم نے گرفت مضبوط کرلی ہے۔سری لنکا نے آج 318 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، مہیلا جے ورد 106اور اینجلو میتھیوز 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ۔پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی اور مجموعی اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد کپتان میتھیوزانفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر راحت علی کی گیندپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔جے وردنے کو سعید اجمل نے کلین بولڈ کیا، انہوں نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،ہیراتھ 6 رنز بناسکے، پرسنا جے وردنے کو9 رنز پر جنید نے کلین بولڈ کیا، ایرانگا 14 رنز بناکر بلاول بھٹی کا شکار بنے۔جنید خان پاکستان کے اب تک سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے ہیں ،انہوں نے تین وکٹیں لیں،راحت علی اور سعید اجمل نے دو، دو جبکہ بلاول بھٹی اور محمد حفیظ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر سیریز کے تمام میچز براہ راست نشر کررہا ہے۔