11 جنوری ، 2014
لاہور …لاہور کے جناح اسپتال میں ایک ینگ ڈاکٹر نے مبینہ طور پر نرس کو تھپٹر مار دیا جس پر نرسوں نے کئی گھنٹے احتجاج کیا۔ ینگ ڈاکٹرز اپنے ساتھی ڈاکٹر کو سامنے نہ لائے مگر اس کی جانب سے بار بار معافی مانگتے رہے۔ سفید یونیفارم پہنے یہ نرسیں ہیں جناح اسپتال کی، جو اپنی ساتھی کو تھپڑ لگنے پر سراپا احتجاج ہیں۔ نرسوں کا مطالبہ تھا تو صرف یہ کہ ڈاکٹر ابوبکر گوندل کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ نرسوں نے ان، آوٴٹ ڈور اور ایمرجنسی میں کام بھی بند کر دیا۔ متاثرہ نرس عائشہ نے بتایا کہ ڈاکٹر ابوبکر گوندل ایک مریض کو چیک اپ کیلئے آئی وارڈ لائے جہاں معمولی بات پر انہوں نے تھپڑ ماردیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی بنادی ہے، حقائق سامنے آنے پرکاروائی ہوگی، واقعے کے بعد ڈاکٹر گوندل غائب ہوگئے تاہم ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار معافی طلب کر تے رہے۔ ڈاکٹر کی جانب سے تھپڑ مارنے کے واقعے پر نرسوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اسپتالوں میں تحفظ فراہم کیا جائے۔