30 مارچ ، 2012
کراچی … رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی خطے کی دیگر مارکیٹس کے مقابلے میں کافی بہتر رہی۔ ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ملک میں سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی مخدوش صورتحال، توانائی کے بحران اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے باجود پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی خطے کی دیگر مارکیٹس کی نسبت بہتر رہی۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2414 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 14 سہ ماہیوں کے بعد کاروباری حجم میں بھی بہتری دیکھی جارہی ہے اور زیر غور عرصے میں کاروباری حجم میں 21 فیصد کا اضافہ ہوا، اس دوران درج کمپنیوں کی جانب سے اعلان کردہ نتائج میں شیئر ہولڈرز کودیئے جانے والے منافع میں بھی بہتری آئی۔ اس کے علاوہ کے ایس ای 30 انڈیکس میں بھی رواں سال کے 3 ماہ میں 19 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی بڑی وجہ وزارت خزانہ کی جانب سے کیپٹل گینز ٹیکس کی تشکیل نو ہے، جس سے انفرادی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔