21 جنوری ، 2014
اسلام آباد…تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی صورت حال اور طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر سیاسی رہ نماوٴں کا ان کیمرا اجلاس بلایا جائے۔عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت نے کسی فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی ہے تو تفصیلات بتائے۔.چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کو انسداد دہشت گردی پالیسی اور مذاکرات کے معاملے پر بریفنگ دی جائے، جنگجووٴں کے خلاف فوجی آپریشن مسئلے کے حل کا آخری آپشن ہونا چاہیئے، مذاکرات کے حامی اور مخالف طالبان کو الگ الگ کیا جائے ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے کسی فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی ہے تو اس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں بمباری سے بچوں کی ہلاکت اور لوگوں کے بے گھر ہونے کی اطلاعات افسوس ناک ہیں، کارروائی سے پہلے یہ علاقہ لوگوں سے خالی کرانا چاہیئے تھا۔