22 جنوری ، 2014
اسلام آباد…بیوروکریٹ ہو گے اپنی جگہ ،زیادہ بولے اور حکم نہ مانا تو نکال دیں گے، اختلافات کے بعد وفاقی وزیرصنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورزخاقان مرتضیٰ کو ہٹانے کی سمری وزیراعظم کو بھجوادی ، لیکن وزیراعظم نے سمری مسترد کر دی ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی اور ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن خاقان مرتضیٰ کے اختلافات اتنے بڑھ گئے کہ وفاقی وزیر نے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہٹانے کی سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ، تاہم ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے یہ سمری مسترد کر دی ہے۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر نے ایسی ہی سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی بھجوائی تھی لیکن انہوں نے کہا کہ اس سمری پر کارروائی کرنا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا اختیار نہیں، وزیر اعظم کا ہے ۔ جیو نیوز کی تحقیقات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں ایم ڈی خاقان مرتضیٰ پر وفاقی وزیر نے مختلف احکامات کی خلاف ورزی اور تاخیر ی حربوں کے الزامات لگائے ۔قصہ کچھ یوں ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا خصوصی آڈٹ کیا گیا جس کے بعد ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن خاقان مرتضیٰ نے وفاقی وزیر مرتضی ٰ جتوئی کے زیر استعمال یوٹیلیٹی اسٹورز کی گاڑی اور ملازمین کو واپس مانگ لیا تھا جب کہ وفاقی وزیر کی سفارش پر تقریبا ًڈیڑھ سو بھرتیاں بھی نہیں کیں۔