31 جنوری ، 2014
اسلام آباد…پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔ پرویز مشرف کے وکلا جوابی دلائل دیں گے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل خصوصی عدالت پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کر رہی ہے۔ کل استغاثہ ٹیم کے سربراہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراضات کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ 28 دن گزرنے کے باوجود ملزم کی ای سی جی تک نہیں کی گئی۔ تشخیصی ٹیسٹ کے بغیر میڈیکل رپورٹ کاغذ کے ٹکڑے کے سوا کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف 15 منٹ کی مسافت پر عدالت آنے سے قاصر ہیں مگر 18 گھنٹے کا سفر کر کے امریکا جانے کو تیار ہیں۔