31 مارچ ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ہم خیال نے 8 ماہ گزرنے کے باوجود ”ن“ لیگ سے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ پارٹی کو انتخابی اتحادوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہئے۔ مسلم لیگ ن سے انتخابی اتحاد کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے مسلم لیگ ہم خیال کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس لاہور میں پارٹی رہنماء ہمایوں اختر کی رہائش گاہ پر منعقدہوا جس میں حامد ناصر چٹھہ ، سلیم سیف اللہ، ہارون اختر، غفار قریشی ، کشمالہ طارق ، میجر غلام عباس اور ارباب لطف اللہ نے شرکت کی جبکہ پارٹی صدر سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے دبئی سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ مسلم لیگ ہم خیال کے اعلامیہ کے مطابق پارٹی رہنماوٴں نے مسلم لیگ ن کی جانب سے اتحاد کے سلسلے میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ پارٹی کو ابھی سے انتخابی اتحادوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہئے بلکہ پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے اور عام انتخابات کے قریب جاکر ایک بڑا سیاسی اتحاد بنایا جائے۔