پاکستان
31 مارچ ، 2012

کراچی میں امن و امان کا قیام، گورنر سندھ کی ہر ممکن اقدامات کی ہدایت

کراچی میں امن و امان کا قیام، گورنر سندھ کی ہر ممکن اقدامات کی ہدایت

کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ منظور وسان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سہیل اکبر شاہ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت کمشنرز کراچی اور پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اس موقع پر حکام نے گورنر سندھ کو شہر میں بدامنی کے حالیہ واقعات پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف فوری اور موٴثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام زونل ڈی آئی جیز پولیس اور ڈپٹی کمشنرز کو ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں کے مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بینکس اور اے ٹی ایم مشینوں کے گرد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں اور فلائی اوورز کے نیچے فوری رسپانس سینٹرز قائم کئے جائیں، جہاں پولیس ، رینجرز اور فائر بریگیڈ موجود رہے۔ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا کہ امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال اور یوم سیاہ کی کال دینے سے گریز کریں۔

مزید خبریں :