01 فروری ، 2014
لاہور…ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے الزام میں تھانے کی ہوا کھانا پڑ گئی، انہیں حراست میں لے کر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عمر اکمل کا موٴقف ہے کہ وارڈن نے بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی۔ وہ تو خود مقدمہ درج کرانے تھانے گئے تھے۔ اب تک عمر اکمل کی ضمانت بھی نہیں ہو سکی۔ عمر اکمل کو آج بہت جلدی تھی کسی تقریب میں پہنچنے کی لیکن پہنچ گئے گلبرگ تھانے۔ خواہش تو تھی کہ اشارہ توڑنے پر روکنے اور کاغذات طلب کرنے کی گستاخی کرنے والے ٹریفک وارڈن کو ہتھکڑیاں لگوا دیتے۔ مگر خود ہی بے چارے پھنس گئے۔ موصوف کو فردوس مارکیٹ کے قریب ٹریفک وارڈن سے جھگڑا مہنگا پڑ گیا۔ اے ایس پی گلبرگ زاہد نواز نے بتایا کہ عمر اکمل کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، ٹریفک وارڈن کی وردی پھاڑنے اور تیز رفتاری جیسی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عمر اکمل کو ایک نہیں، 3ٹریفک وارڈنز نے روکا لیکن وہ شاید زیادہ ہی جلدی میں تھے۔ عمر اکمل کہتے ہیں کہ ٹریفک وارڈن نے تشدد کیا، گریبان پکڑا، چہرے پر زخم بھی آئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وارڈن قصور وار ثابت ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔ عمر اکمل کے والد اور بھائی کامران اکمل بھی تھانا گلبرگ پہنچ گئے۔ کامران اکمل کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بھائی سے ملنے ہی نہیں دیا گیا اور کچھ خبر نہیں کہ عمر کہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کیلئے کھیلتے ہیں اور پاکستان کے ہیرو ہیں، میرے بھائی کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے اس حوالے سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو وہ خود دیکھیں۔