01 فروری ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے 7رکنی وفد نے کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر جان ٹک ناٹ سے ملاقات کی اور انہیں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے نام خط کی شکل میں احتجاجی یاد داشت پیش کی۔ ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق احتجاجی یاد داشت میں کہا گیا ہے کہ بی بی سی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف بد دیانتی پر مبنی دستاویزی فلم نشر کی ہے جس سے کروڑوں لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایم کیوایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، محترمہ نسرین جلیل، سینیٹر بیرسٹر فروغ نسیم، فیصل سبزواری، سردار احمد اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔ ایم کیوایم کے وفد نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف بی بی سی نے یہ دوسری ڈاکومنٹری فلم نشر کی ہے جس سے نہ صرف بی بی سی کی ساکھ متاثر ہورہی ہے بلکہ عالمی میڈیا کے ذریں اور صحافتی اصول بھی تنقید کی زد میں آچکے ہیں۔