01 فروری ، 2014
پشاور…پشاور میں کل سے شروع ہونے والی صحت کا انصاف مہم کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اس موقع پر شہر میں موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد ہوگی ۔ مہم کے دوران انسداد پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پشاورمیں صحت کا انصاف کے نام سے پولیو سمیت بچوں کی دیگرمہلک بیماریوں کیخلاف مہم اتوار کو چلائی جارہی ہے۔ مہم کو پر امن بنانے کیلئے پولیس نے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیاہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیکل چلانے پر پابندی بھی عائد ہوگی۔مہم پشاورکی پچاس یونین کونسلز میں چلائی جارہی ہے۔ قبائل سے آنے والے راستوں کی نگرانی سخت کرنے کیلئے پشاورپولیس کے ساتھ ایف سی بھی موجود رہے گی۔ صحت کا انصاف پروگرام26 جنوری کو شروع ہوناتھا تاہم سیاسی جلسے جلوسوں کے باعث مہم ایک ہفتہ ملتوی کی گئی۔ پشاور میں انسدادپولیو مہم چلانے والوں اور ان کے تحفظ پر معمور سیکیورٹی اہلکاروں پر8ماہ کے دوران دو بم دھماکوں سمیت پانچ بڑے حملے ہوچکے ہیں۔ نواحی علاقوں میں امن لشکر رضاکار مہم چلانے میں پولیس کو تعاون فراہم کریں گے جبکہ پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔