پاکستان
01 فروری ، 2014

جید علما کی حکومت اور طالبان سے فوری جنگ بندی کی اپیل

جید علما کی حکومت اور طالبان سے فوری جنگ بندی کی اپیل

کراچی…ملک کے جید علما نے طالبان سے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت اور طالبان سے کہا ہے کہ فوری جنگ بندی کی جائے، خونریزی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ کراچی میں ملک کے 15جید علما کا اجلاس جامعہ دارلعلوم میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت اورطالبان کی طرف سے مذاکرات پر آمادگی کا خیر مقدم کیا گیا ۔ اجلاس میں علماء نے طرفین سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور یہ کہ خونریزی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ۔ ملک میں جاری خونریزی ملک و ملت کیلئے تباہ کن ہے ۔ علمائے اکرام نے اتفاق کیا کہ مذاکرات کی پر امن فضا استوار کی جائے ۔ علما نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ دشمن طاقتیں مختلف حربوں سے مذاکرات ناکام کرنے کی کوشش کریں گی لہٰذا جذبات کو قابو میں رکھ کر امن کی کوششوں کو ہر قیمت پر جاری رکھیں۔ علمائے کرام نے کہاکہ مذاکرات سنجیدگی، حقیقت پسندی اور ملک و ملت کی خیرخواہی کے ساتھ کیے جائیں۔علما کا کہناتھاکہ اگر فریقین بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے میں مخلص ہیں تو یہ یقینا یہ ملک کے لیے نیک فال ہے، تاہم ضروری ہے کہ مذاکرات کے لیے پرامن فضا قائم کی جائے۔ اجلاس کے شریک علما نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام پر اور جان و مال کی حرمت سے متعلق قرآن و سنت کے واضح احکامات کا واسطہ دے کر اپیل کرتے ہیں کہ ہر طرح کی مسلح کارروائیاں اور تخریب کاری کے اقدامات فوری طورپر بند کیے جائیں۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء شریک ہوئے جن میں مولانا سلیم اللہ خان، مفتی محمد رفیع عثمانی، مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا فضل الرحیم، مولانا حفیظ جالندھری، مفتی محمد اشرف، مولانا محمد حسن، مولانا سید عدنان کاکا خیل، مفتی مختارالدین اور مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ شامل تھے۔

مزید خبریں :