01 فروری ، 2014
کراچی…بچے اگر ہنسنا بھول جائے تو پوراگھرانہ اداس ہوجاتاہے، معصوم آمنہ بھی جلد کے ایک ایسے موذی مرض میں مبتلا ہے، جس نے اس کی اور اس کے اہل خانہ کی زندگی کے سارے رنگ چھین لیے ہیں۔ ننھی آمنہ کا رونا یوں ہی نہیں، مرض ہی ایسا ہے کہ درد سے آنسو نکل جاتے ہیں۔ ڈھائی سالہ یہ معصوم پری پیدائشی طور پر جلد کی خطرناک بیماری میں مبتلاہے، ستم بالائے ستم یہ کہ آمنہ کی پیدائش کے بعد باپ کی نوکری چلی گئی، غربت نے ایسے ڈیرے جمائے کہ رفتہ رفتہ سب ختم ہوگیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق آمنہ کو جلد کی جینیا تی بیماری ہے ،جس میں نکلنے والے دانوں میں پانی اور خون بھرجاتا ہے اورخارش سے یہ دانے پورے جسم پر پھیل جاتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی بیماری نے آمنہ کی آنکھوں اور گلے کوبھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔ ایک تو غربت اوپر سے یہ بیماری، بے بس والدین سے ننھی پری کی یہ حالت دیکھی نہیں جاتی، مگر استطاعت نہ ہونے کے باعث علاج کی سکت سے محروم ہیں اور منتظر ہیں کسی مسیحا کے۔