02 فروری ، 2014
اسلام آباد…محکمہ موسمیات کی آج اور کل اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر ہر طرف برف ہی برف ہے ،شہری علاقوں میں بارش سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔چترال شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ لواری ٹاپ پر اب تک 5 فٹ اورلواری ٹنل پرڈیڑھ فٹ تک برف باری ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کرم ایجنسی کے پہاڑوں پر برفباری اورمختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں سے ایک بار پھر سردی بڑھ گئی ہے۔بلوچستان کے شمالی علاقوں چمن ،پشین اور قلعہ عبد اللہ سمیت گرد ونواح میں بارش نے سردی بڑھا دی ہے۔کان مہتر زئی اور زیارت میں برفباری سے علاقے کی خوبصورتی مزید بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا ،اسلام آباد،پنجاب کے مختلف علاقے اور کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔اتوار اور پیر کے دوران مالاکنڈ ،ہزارہ ڈویژن ،مری ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔