01 اپریل ، 2012
کراچی …کراچی کے علاقے لیاری میں سی آئی ڈی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم کی ہلاکت کے خلاف لیاری کے رہائشیوں نے مختلف علاقوں میں احتجاج اور جلاوٴ گھراوٴ کیا۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کے مطابق لیاری میں سی آئی ڈی پولیس اور جرائم پیشہ عناصر میں مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت ثاقب عرف سخی کے نام سے ہوئی۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کا دعویٰ ہے کہ مارا جانے والا ملزم کالعدم لیاری امن کمیٹی کے رہنماء اور عزیر جان کا قریبی ساتھی تھا،اور وہ جیل بھی جاچکاتھا۔ایس ایس پی سی آئی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کاشف کوحراست میں لیا گیا جس سے ایک کلاشنکوف اور نائن ایم ایم پستول برآمد کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی وحید زخمی ہوا،جسے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد جیو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے ممبر حبیب جان نے کہا کہ لیاری کے علاقے میں سی آئی ڈی پولیس نے جعلی مقابلہ ظاہر کرکے ثاقب خان کو قتل کیا ہے،چیف جسٹسآف پاکستان واقعے پر ازخود نوٹس لیں کیونکہ واقعہ قابل مذمت ہے۔ ثاقب کی ہلاکت کے خلاف لیاری چاکیوڑہ، آٹھ چوک سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرین نے احتجاج کیا اور جلاوٴ گھراوٴ کیا۔ جبکہ لی مارکیٹ میں بھی پولیس پر پیٹرل بم سے حملہ کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔