10 فروری ، 2014
لاہور…امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ نجکاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا نام دیکر قوم کو الجھایا جارہا ہے،حکومت نے اپنا منشور بھلا کر آئی ایم ایف اور امریکی احکامات کو منشور بنا لیا ہے۔منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن کاکہنا تھا کہ پی آئی اے،ریلوے، پاکستان اسٹیل، آئیل کمپنیز، سوئی گیس جیسے حساس قومی اداروں کی نجکاری قومی سلامتی کو داوٴ پر لگانے کے مترادف ہے،حکومت اثاثے بیچنے کی بجائے ٹیکس نظام کو ٹھیک کرے، آئی ایم ایف سے نئی قسط کی منظوری کے بعد عوام پر پھر مہنگائی کاڈرون حملہ ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دینے والے اس کے اسباب پر غور کرنے کیلئے تیار نہیں۔