پاکستان
10 فروری ، 2014

لنڈی کوتل اور چمکنی میں خود کش دھماکوں پر الطاف حسین کی مذمت

لنڈی کوتل اور چمکنی میں خود کش دھماکوں پر الطاف حسین کی مذمت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل اور چمکنی میں خود کش بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکوں کے نتیجے میں خواتین سمیت متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کارروائیاں ملک کے استحکام اور سا لمیت کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں اور دوسری جانب ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کاروائیوں کا ہولناک اور افسوسناک سلسلہ جاری ہے جن میں کئی معصوم و بے گناہ افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور سینکڑوں افراد زخمی ہوکر عمر بھر کیلئے معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکوں میں شہید افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ خود کش بم دھماکوں کی مذموم کارروائی میں ملوث سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کرکے انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے ناظم آباد میں ا سنیپ چیکنگ کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد اور بد سلوکی سے ایم کیوایم کے ہمدرد بزرگ معراج الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے اور یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ظلم و بربریت کا ایک اور ثبوت ہے ، معراج الدین سے ا سنیپ چیکنگ کے دوران 10ہزار روپے طلب کئے گئے تھے لیکنان کے پاس دو ہزار روپے تھے جس پر پولیس مشتعل ہوگئی اور انہیں تھپڑ مارے اور دھکا دیا جس کی وجہ سے معراج الدین دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سفاکیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔الطاف حسین نے حکومت سندھ سے سوال کیا کہ آخر وہ کیا کررہی ہے ، اس افسوس ناک واقعہ کا فوری نوٹس لیکر اس میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ الطاف حسین نے میرپورخاص میں جرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں شہیدہونے والے ایم کیوایم میرپورخاص زون کے یونٹ ممبرمحمدراشدخان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہارکیاہے اور کہاکہ مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہیدکواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔

مزید خبریں :