پاکستان
13 فروری ، 2014

پشاور :9 افراد کے قتل کی واردات نیا رخ اختیار کرگئی

پشاور :9 افراد کے قتل کی واردات نیا رخ اختیار کرگئی

پشاور…پشاور کے نواحی علاقہ ماشو خیل میں 9 افراد کے قتل کی واردات نے ایک نیا رخ اختیارکیا ہے کہ اس میں مبینہ طورپرملوث خیبر ایجنسی کی کالعدم تنظیم کاکمانڈراس خاندان کے سربراہ کا رشتے داربھی ہے۔ منگل اوربدھ کی درمیانی شب پشاورکے نواحی علاقہ ماشوخیل میں ایک ہی خاندان کے 9افراد کے قتل کی واردات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پولیس نے تیار کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ماشوخیل امن کمیٹی کے رکن پیراسرار اللہ کے حجرے پرحملہ خیبر ایجنسی کی کالعدم تنظیم کے کمانڈر شاہد نے کرایا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پیر اسراراور حملہ آوروں کے کمانڈر شاہد آپس میں رشتہ دارہیں جن کی ذاتی دشمنی چلی آرہی تھی جس کی بنیاد منشیات کے ایک کیس میں مخبری بتائی جاتی ہے جس کا بدلہ لینے کے لئے یہ حملہ کیا گیا۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یکم فروری کو بھی کمانڈر شاہد نے ماشوخیل میں امن لشکر پر حملہ کیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکارجاں بحق اور تین حملہ آور مارے گئے تھے۔ اس تازہ حملے میں بموں سے حجرے کو تباہ کیا گیا اور حملہ آّور تقریباً ایک سے دو گھنٹے تک علاقے میں موجود رہے۔ پولیس نے اس واردات کا مقدمہ تھانہ بڈھ بیر میں شدت پسند کمانڈر شاہد سمیت 18شرپسندوں کے خلاف درج کیا ہے۔

مزید خبریں :