14 فروری ، 2014
راولپنڈی… ڈرون حملوں کے خلاف مہم چلانے اور قانونی چارہ جوئی کرنے والے کریم خان کو بازیاب کرالیا گیا ہے جو راول پنڈی سے لاپتہ ہوئے تھے۔کریم خان 5 فروری کو راول پنڈی سے لاپتہ ہوگئے تھے، وہ ڈرون حملوں کے خلاف مہم چلار ہے تھے اور اسی سلسلے میں ان کو برسلز بھی جانا تھا۔ دسمبر 2009 میں کریم خان کا بیٹا اور بھائی شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ انہوں نے 2010 میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے اسٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی تھی اور حکومت کے خلاف بھی اپنے بھائی اور بیٹے کی ہلاکت کی تحقیقات نہ کرنے پر قانونی کارروائی شروع کر رکھی تھی۔