14 فروری ، 2014
حیدرآباد…حیدرآباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدیداروں کے انتخابات کے نتائج پرتنازع کھڑا ہوگیا، دونوں گروپ آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اور ایک دوسرے پر لاتوں گھونسوں کی بارش کردی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدیداروں کا انتخابات کے حوالے سے ایک اجلاس حیدرآباد پریس کلب میں ہوا۔ اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگی رہنما شبیرانصاری نے مختلف عہدے کارکنوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ جس پر مخالف گروپ کے کارکنوں کے ہنگامہ کرنے پر اجلاس ختم کردیا گیا۔ تاہم پریس کلب کے باہر اعتراض کرنے والے ایک کارکن عبدالغنی نقشبندی پر لاتوں گھونسوں کی بارش کردی گئی۔ دوسری جانب حنیف صدیق کا کہنا ہے کہ وہ ضلعی صدر ہیں جبکہ شبیرانصاری کے پاس کوئی عہدہ نہیں اس لیے عہدے تقسیم کرنا تو ایک طرف رہا وہ اجلاس بلانے کا اختیار بھی نہیں رکھتے ۔