پاکستان
15 فروری ، 2014

طالبان حملے روک دیں ورنہ آپریشن کیلئے دباوٴ بڑھے گا، رحیم اللہ یوسف زئی

طالبان حملے روک دیں ورنہ آپریشن کیلئے دباوٴ بڑھے گا، رحیم اللہ یوسف زئی

پشاور…حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ طالبان پر واضح کر دیا کہ حملے نہ روکے توحکومت پرآپریشن کے لیے دباوٴ بڑھ جائے گا۔ فوج مذاکرات کی حامی ہونے کے ساتھ کارروائی کے لیے بھی ہر وقت تیارہے۔پشاور میں جیو نیوز سے گفت گو میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسف زئی نے دو ٹوک موٴقف اپنایا کہ طالبان کے کسی غیر آئینی مطالبے کو قبول نہیں کیا جائے گا، پہلی ترجیح یقینا جنگ بندی ہی ہے، طالبان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے فوری طور پر حملے بند کر دیں، طالبان حملے روک دیں ورنہ حکومت پر آپریشن کے لیے دباوٴ بڑھے گا۔ رحیم اللہ یوسف زئی کے مطابق پاک فوج بھی چاہتی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے، آپریشن کا راستہ مذاکرات کو کامیاب بنانے سے ہی روکا جا سکتا ہے، تاہم پاک فوج حکومت کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائی نہیں کرے گی، فوج پہلے بھی تیار تھی، اب بھی ہے اور آئندہ بھی ہو گی، فوج کارروائی تب کرے گی جب حکومت کہے گی۔ رکن حکومتی کمیٹی رحیم اللہ یوسف زئی نے بتایا کہ جنگ بندی کا معاہدہ کالعدم تحریک طالبان سے کیا جائے گا، ایسا ہوا تو توقع ہے کہ بڑی تنظیم ہونے کے ناتے ٹی ٹی پی دیگر چھوٹی تنظیموں کو بھی فیصلے پر عمل درآمد کا پاپند بنائے گی۔

مزید خبریں :