16 فروری ، 2014
کراچی…کراچی میں سپرہائی وے پر چاول گودام کے قریب رینجرز اور پولیس کے مشترکہ مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے، ترجمان رینجرز کا دعویٰ ہے کہ ملزمان حلیے سے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد لگتے ہیں، جن کے قبضے سے ایک دستی بم اور 2 کلاشنکوف بھی ملی ہیں۔ سپرہائی وے پر افغان بستی سے متصل چاول گودام کے قریب گزشتہ روز رینجرز افسر پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لئے رینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوااور رینجرز موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی، ترجمان رینجرز کے مطابق مقابلے کے دوران 2 ملزمان مارے گئے ہیں،ملزمان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ اور 2 کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان حلیے سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے دہشت گرد نظر آتے ہیں۔