16 فروری ، 2014
لاہور…حکومت نے پنجاب،بلوچستان اور سندھ کو ملانے والے ٹریک کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں ناکامی کے بعد پنجاب کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے،ریلوے ٹریک کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،بلوچستان ، سندھ اور پنجاب کو ملانے والے ریلوے ٹریک کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں ملوث افراد کے ڈانڈے بلوچستان کے نام نہاد آزادی کی جنگ لڑنے والوں سے ملتے ہیں،دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس پر یہ دوسرا حملہ ہے ، پہلے حملے کے 5ملزم جبکہ شالیمار ایکسپریس پر حملے کے 15 ملزم حراست میں لیے گئے ہیں۔