16 فروری ، 2014
نیویارک…امریکا، چین، جاپان اور بھارت میں برفباری نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں بارشوں اور سیلاب نے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے۔ بھارت کی شمالی ریاستوں میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ اشیائے خوردونوش کی قلت اور پانی پائپ لائنوں میں جمنے سے بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں بھی شدید برفباری کاسلسلہ جاری ہے، میساچوسٹس اور جارجیا میں برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے لیکن نیویارک میں سردی اور برفباری کے باوجود لوگوں نے پریزیڈنٹ ڈے ونٹر فیسٹیول میں شرکت کی۔ چین میں برفباری کے باعث جنوب مغربی علاقوں کا رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آمدروفت بند ہونے سے عوام کو مشکلات کاسامنا ہے۔ 3دن میں اب تک 30سینٹی میٹر برف پڑ چکی ہے۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو اور مشرقی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ٹوکیو میں مختلف حادثات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ 2لاکھ 46 ہزارصارفین بجلی سے محروم ہیں۔ زمینی اور فضائی ٹریفک بھی متاثر ہوا ہے۔ برطانیہ میں کئی ہفتوں سے بارشیں جاری ہیں، سیلاب کے باعث عوام پریشان ہیں، بارشوں کے نئے سلسلے میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ ساحل سمندر کے قریب ریسٹورنٹ سے 32افراد کو ریسکیو کرلیاگیا۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے سیلاب سے بچاوٴ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔