کاروبار
17 فروری ، 2014

ٹیکساس:ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کی رنگا رنگ سالانہ ایوارڈکی تقریب

ٹیکساس:ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کی رنگا رنگ سالانہ ایوارڈکی تقریب

ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کی جانب سے رنگا رنگ سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریاست ٹیکساس کے نائب گورنر‘ اٹارنی جنرل‘ سینیٹرز‘ میئر سمیت ہالی وڈ اور بالی وڈ کے جگمگاتے ستاروں سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی حسیناؤں نے شرکت کی۔ غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف میں برنس لیڈر آف دی ایئر کا ایوارڈ پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور کو دیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کا 20 واں گالا کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں ریاست ٹیکساس کے نائب گورنر ڈیوڈ ڈیوہرس‘ اٹارنی جنرل گریگ ایبٹ‘ سینیٹر وینڈی ڈیوس‘ میئر انیس پارکر سمیت ہالی وڈ کے اداکار ویلم والارما‘ بالی وڈ کی اداکارہ نیہا دھوپیا‘ یوکرین کی معروف ڈانسر کرینا سمرنوف اور مس یونیورسل میں ٹاپ 10 میں آنے والی مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی حسیناؤں نے بھی شرکت کی۔ اس ایوارڈ تقریب کی نظامت مقامی مزاحیہ اداکار موامیر نے انجام دی۔ تقریب سے ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کے چیئرمین اور معروف اٹارنی نعمان حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سالہا سال سے اس ایوارڈ تقریب کیا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ ہر سال یہ کوشش کی جاتی ہے کہ یہ تقریب پچھلے سال کے مقابلے میں منفرد ہو یہی وجہ ہے کہ اس بار اس تقریب میں بالی وڈ اور ہالی وڈ کے معروف اداکاروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح بھارت کی 2002ء میں رہنے والی ملکہ حسن نیہا دھوپیا اپنے ہمراہ 2002ء کی 10 ملکہ حسن کو جو کہ مس یونیورسل میں اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کر رہی تھیں‘ اپنے ہمراہ لے کر آئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ اس بار کی یہ تقریب پچھلے سالوں کے مقابلے میں ضرور منفرد ہے۔ اس موقع پر اداکارہ نیہا دھوپیا نے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور بھارت کے درمیان فلم انڈسٹری سے متعلق بات چیت کی۔ تقریب سے مصطفی تمیز اور آشاہ شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاست ٹیکساس کے نائب گورنر ڈیوڈ ڈیوہرس اور اٹارنی جنرل گریگ ایبٹ نے تجارت میں غیر معمولی کامیابیوں کے حصول پر مڈلینڈ انرجی کے مالک اور پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور کو بزنس لیڈر آف دی ایئر کا ایوارڈ اور انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات کے اعتراف میں انتھونی ملکوز کو ایوارڈ دیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور کی بزنس کامیابیوں سے متعلق اور ان کے حالاتِ زندگی سے متعلق ایک ڈاکیومنٹری بھی حاضرین کو دکھائی گئی جس میں سابق امریکی صدر جارج بش سمیت ریاست ٹیکساس کے گورنر رک پیری اور کئی معروف سیاستدانوں اور ماہرین تعلیم نے سید جاوید انور کو ان کی بھرپور کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔ سید جاوید انور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ میری تمام تر کامیابیوں کا سہرا میری والدہ کے سر ہے جنہوں نے مجھے بہترین تعلیم دلوائی اور اس قابل بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے اہل خانہ جن میں اہلیہ وکی انور‘ بیٹے ریحان اور بیٹی لیزلی کا تعارف بھی کرایا اور ایوارڈ دینے پر ساؤتھ ایشین چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ انہوں نے کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ سے بھی اظہار تشکر کیا۔ تقریب میں نمایاں شخصیات ارم علی‘ ایم جے خان‘ طاہر جاوید‘ محمد سعید شیخ‘ ساجد حسین‘ خالد قاضی‘ ہارون شیخ‘ گلفراز خان‘ خالد خان‘ شاہ حلیم‘ مہسمت اقمص‘ روحی اوزگل‘ پرویز اقبال‘ محمد ظہر سمیت ساؤتھ ایشین تنظیموں کے تاجروں اور مختلف ممالک جن میں ترکش‘ بنگلہ دیش‘ ابودہبی‘ باکو‘ بھارت سری لنکا‘ پاکستان اور دیگر ممالک کے کمیونٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی۔ واضح رہے کہ ساؤتھ ایشین چیمبر آف کامرس کا مشن ہے کہ وہ ساؤتھ ایشیا ممالک سے تعلق رکھنے والے تاجروں کیلئے ہر سطح پر حائل مشکلات کے حل کیلئے کام کر کے اُن کو حاصل کردہ مواقعوں سے مستفیض ہونے کی صورت پیدا کرے۔

مزید خبریں :