24 فروری ، 2014
اسلام آباد…اسلام آباد میں ہونے والے کرکٹ میچ میں وزیر، سفیر، قومی کھلاڑی اورچیئرمین پی سی بی سبھی نے حصہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے موقع غنیمت جانا اور طالبان کوکرکٹ میچ کی دعوت دے ڈالی ۔نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ یہ نمائشی میچ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلاقدم ہے۔ اسلام آباد کے مرغزارکرکٹ گراونڈ میں مدمقابل ہوئیں پی سی بی الیون اورکامن ویلتھ الیون ۔ پاکستان کرکٹ بورڈا لیون کے کپتان نجم سیٹھی ٹاس جیتے توپہلے بیٹنگ خودکی ۔ کامن ویلتھ الیون اپنے کپتان آسٹریلوی سفیر پیٹر ہیوڈ کی زیرقیادت فیلڈنگ کیلئے میدان میں اتری ۔وفاقی وزیرداخلہ نے 28 رنز ناٹ آوٹ بنائے۔دواوورز کرائے اور11 رنزدیے،فیلڈنگ بھی کی۔اس موقع پر وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کئی طالبان کو بھی کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے، میں ان سے بھی کہوں گا کہ آئیں اور کرکٹ میچ کھیلیں ، امن کے لیے جو کچھ ہو سکا کریں گے ، کئی عناصر پاکستانی کرکٹ کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، میدان میں جاکر ٹیم اپنا آپ منوائے ۔نمائشی میچ میں کافی کچھ مختلف بھی تھا۔دونوں ٹیموں کی طرف سے اکثر بیٹسمین ساتھیوں کوموقع دینے کیلئے ریٹائر ہوتے رہے۔ پی سی بی الیون کے کپتان نجم سیٹھی فیلڈنگ کرنے آئے ، بیٹنگ کی نہ ہی بالنگ ۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتانے کے لیے یہ میچ بھی اہم ہے کہ آج یہاں اتنے سفارتکار موجود ہیں، پاکستانی کرکٹ کا مستقبل بھی روشن ہے، اسے دہشت گردی سے محفوظ رکھنا ہوگا تاکہ بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو سکے۔اس موقع پر کرکٹر کامران اکمل سہیل تنویرکا کہنا تھا کہ یہ نمائشی میچ اہم ہے کیونکہ یہاں موجود سفارتکار ہی اپنے اپنے ممالک کو یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔ 25 اوورز میں پی سی بی الیون کے 250 رنز کے جواب میں کامن ویلتھ الیون نے 248 رنز بنائے۔ مین آف دی میچ ایوارڈ کے حق دارٹھہرے اظہرعلی جبکہ بہترین بلے بازکاایوارڈکامران اکمل کوملا۔اس دوستانہ میچ نے جہاں کرکٹ ڈپلومیسی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے وہیں دنیا کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔