27 فروری ، 2014
لاہور…پنجاب یوتھ فیسٹیول میں آج بھی ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری۔پاکستانیوں نے کئی اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ورلڈ گینز ریکارڈز بنانے کاسلسلہ جاری ہے، پاکستانی نوجوانوں نے آج تین نئے ریکارڈز بناڈالے، اب تک بنائے گئے ریکارڈز کی تعداد 14 تک جا پہنچی۔آج پنجاب اسٹیڈیم میں ہونے والے ایونٹس میں ظفراقبال نے 12گھنٹوں میں 25ہزار سے زائد پش اپس لگا کر ورلڈ گینز ریکارڈ بنادیا۔ انہوں نے برطانوی شہری کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ ظفراقبال نے پش اپس کے دوایونٹس میں ورلڈ گینز ریکارڈ بنائے۔ کاشف علی نے 12گھنٹوں میں 4ہزار سے زائد پل اپس لگا کر نیا ریکارڈ بنایا۔ ایک اور گینز ورلڈ ریکارڈ کا اضافہ اس وقت ہوا جب ندیم عباس نے ایک گھنٹے میں 40پاوٴنڈ وزن کے ساتھ 989 پش اپس لگائے۔ برطانوی شہری نے 40پاوٴنڈ وزن کے ساتھ 663پش اپس کا ریکارڈ بنایا تھا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں جمعے کو مزید نئے ورلڈ ریکارڈ بنائے جائیں گے۔