28 فروری ، 2014
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں ممتاز عالم دین علامہ تقی ہادی نقوی اور مدرسے کے استاد قاری علی حسن سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حسین آباد میں نجی اسپتال کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس سے گاڑی میں سوار اورنگزیب اور عبدالواحد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک راہ گیر حماد زخمی ہو گیا۔ غریب آباد انڈرپاس کے قریب ہی ایک اور گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے فیصل نامی شخص جاں بحق جبکہ عامر زخمی ہوگیا، ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق تمام افراد عائشہ منزل کے قریب واقع مدنی مسجد سے آرہے تھے۔ انچولی میں نجی اسپتال کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے، مقتولین دونوں کی شناخت مفتی بلال اور قاری جابر کے ناموں سے ہوئی، ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے جیو نیوز کو بتایا کہ دونوں قریب واقع مدرسے میں استاد تھے اور جیسے ہی وہ مدرسے سے باہر نکلے انھیں ٹارگٹ کر کے قتل کردیا گیا۔اس سے قبل نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب رکشے پر فائرنگ کرکے معروف شیعہ عالم دین اور تعلیم دان پروفیسر تقی ہادی نقوی کو قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق پروفیسر تقی ہادی نقوی سیکنڈری بورڈ آفس سے گھر جانے کیلئے رکشے میں جیسے ہی سوار ہوئے موٹر سائیکلوں پر سوار چارملزمان نے ان پرفائرنگ کردی،جس سے وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگئے، ان کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ پروفیسر تقی ہادی نقوی ممتاز مذہبی اسکالر، ماہر تعلیم، عربی زبان کے عالم اوراتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔ پروفیسر تقی ہادی نقوی کی نمازجنازہ امروہہ گروٴانڈ انچولی میں ادا کی گئی،جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انھوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ سچل گوٹھ میں مدرسے کے باہر موٹر سائیکل سوارنامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھندفائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مدرسے کے مہتمم قاری علی حسن اور ان کا بیٹا منظور احمدجاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ قاری علی حسن چل گوٹھ میں واقع مدرسہ رحمانیہ اور جامعہ مسجد عثمان غنی کے مہتمم اعلیٰ تھے اور جمعیت علمائے اسلام ف گروپ سے تعلق تھا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افرادنے کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔ نیوکراچی نمبر تین میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے حماد رضا نامی نوجوان جاں بحق ہوا، فیڈرل بی ایریا میں واٹر پمپ چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔