28 فروری ، 2014
اسلام آباد…پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کے بعد سردی پھر سے بڑھ گئی ہے ، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی وجہ سے جلانے کی لکڑی اور ایندھن مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔گلگت بلتستا ن میں غذر،استور کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روز کی برف باری کے بعد موسم سرد اورابرآلود ہے۔دیامر اور چلاس شہر میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں،رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ادھر پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے،شہریوں نے ایک بار پھرگرم کپڑے نکال لئے ہیں۔بلوچستان کے اکثر و بیشتر علاقوں میں سردی میں کمی آئی ہے ،تاہم وادی کوئٹہ میں ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سندھ میں سردی تو کم ہے،لیکن خشک ہوا چل رہی ہے، جسکی وجہ سے بچے بڑے نزلہ زکام ، کھانسی میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ24 گھنٹوں کے دوران مری،گلیات،وادی نیلم ،مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں مزید برفباری کا امکان ہے ، جبکہ مارچ کے پہلے ہفتے میں شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔