پاکستان
03 مارچ ، 2014

کچہری سے شروع ہونے والا فضا کا سفر، سفر آخرت میں تبدیل

کچہری سے شروع ہونے والا فضا کا سفر، سفر آخرت میں تبدیل

اسلام آباد…سانحہ اسلام آباد کچہری میں جاں بحق ہونے والوں میں بیرون ملک سے ڈگری لے کروطن عزیز لوٹنے والی فضا ملک بھی شامل ہیں۔ فضا شہید کی والدہ نے روتے ہوئے بتایا کہ آج خوشی خوشی گئی تھی کہ بہت ضروری کام ہے، گاڑی خود ڈرائیو کی، اور بتایا کہ parking بھی مل گئی ہے۔ وہ آنگن جو کبھی نوجوان، خوبصورت اور ہمہ وقت چہکنے والی فضا کی باتوں کی خوشبو سے مہکا کرتا تھا، آج تہذیب اور انسانیت کے قاتلوں کے ہاتھوں صدا کیلئے ویران ہو چکا۔ برطانیہ کی پرامن فضاوٴں سے قانون کی ڈگری حاصل کرکے مادر وطن لوٹنے والی فضہ کو کیا معلوم تھا کہ جس کچہری سے وہ اپنے ارمانوں بھرے مستقبل کی ڈور باندھنے جا رہی ہے، وہ اس کی قتل گاہ میں بدل جائے گی۔ فضا کے سفید و دیدہ زیب کپڑے اس کے معصوم و بے گناہ خون میں بھیگ کر سرخ ہو جائیں گے۔ فضا کی سوگوار والدہ کا مزید کہنا تھا کہ میری بیٹی نے نارتھ امبریا یونیورسٹی سے ڈگری لی، مجھے افسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ملک دشمن عناصرمعصوم لوگوں کی جان لے رہے ہیں، آج انہوں نے مجھ سیمیری بیٹی کی جان لے لی۔ ایڈووکیٹ فضا کی فائلوں میں اسی کے خون سے وحشی درندوں کا تذکرہ رقم ہوچکا۔ ماں، بہن، بیٹی پر کون گولی چلاتا ہے، یہ کون چلاتا ہے گولی کس چیز کا انتقام لے رہے ہیں۔ 23سال کی تھی ابھی تو اس کی شادی بھی نہ ہوئی تھی میں نے اس کی خوشیاں دیکھنی تھیں، اللہ ہمیں بھی صبر دے اوراس کے بھائیوں کو بھی صبر دے۔ نارتھ امبریایونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرلی، پریکٹس بھی شروع کردی۔ کچہری سے شروع ہونے والا فضا کا سفر دہشت گردوں نے سفر آخرت بنادیا۔

مزید خبریں :