07 مارچ ، 2014
لاہور…مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی میں فوج کی نمائندگی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی اچھی بات ہوگی تاہم اس کی امید نظر نہیں آ رہی۔اسلام آباد سے لاہور پہنچنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کا اسلام آباد کچہری حملے پر قومی اسمبلی میں بیان قبل از وقت ہے، ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی میں فوج کی نمائندگی مناسب نہیں۔ چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ جمشید دستی کے الزامات کی اہمیت نہیں، شراب تو باہرسے بھی منگوائی جاتی ہے۔انہوں نے طالبان سے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا تاہم کچھ ناامید نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اچھی بات ہے،لیکن زیادہ اچھی تب ہے،جب اس کا کوئی نتیجہ بھی نکلے۔