07 مارچ ، 2014
اسلام آباد …ایس ایس پی اسلام آباد ڈاکٹر رضوان نے سانحہ کچہری فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو اپنابیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 3 کانسٹیبلز کے علاوہ ڈیوٹی پر مامور باقی سب پولیس جوانوں نے بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر مجاہد شیر دل کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو بیان میں ایس ایس پی اسلام آباد ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ کچہری میں دہشت گردی کی اطلاع پر انہوں نے 9بج کر 14 منٹ پر رینجرز اور 9 بج کر 15 منٹ پر پولیس کمانڈوز کو متحرک کر دیا تھا۔ ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ وہ خود 9 بج کر 32 منٹ پر کچہری پہنچ گئے تھے اور انہوں نے خود کمانڈوز کے ساتھ مل کر وکلا کے ہر چیمبر کی تلاشی لی۔ ایس ایس پی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی کچہری ایف ایٹ کی طرح نہیں، اس کے داخلی و خارجی راستے 20 سے زائد ہیں،اسے سیل کرنا انتہائی مشکل ہے، وہاں 6 ہوٹل ایسے ہیں جن کے دروازے کچہری کے اندر اور باہر دونوں طرف کھلتے ہیں۔