09 مارچ ، 2014
پشاور… مسلم لیگ ن کے رہنما ارباب خضرحیات نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا مقصد امن کا قیام اور ریاست سے تشدد اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہے ،ہماری زندگیاں محفوظ اور وطن عزیز میں امن کا قیام ہو تو سلامتی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے وسائل کی فراہمی کوئی معنی نہیں رکھتی ،خون خرابے کے بغیر امن کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں ،وزیر اعظم نواز شریف جلد ایک اور کمیٹی قائم کرینگے جو طالبان سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھائیگی ۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے قائم کی گئی کمیٹیوں کا بنیادی کام روابط کا قیام تھا جو گزشتہ 13 سال میں کبھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جلد ایک اور کمیٹی قائم کریں گے جو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم خون خرابے کے بغیر امن کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں،دہشت گردی کا خاتمہ، معاشی بحالی اور توانائی بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومتی کمیٹی اور طالبان کمیٹیوں کے فعال کردار کی وجہ سے حکومت اور طالبان کے ساتھ روابط بڑھے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف جلد سینٹ سے خطاب کریں گے جس میں وہ اقتصادی حالات اور مختلف امور پر اپنی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ ارباب خضر حیات نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے جس نے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ کیا اور مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے کوششیں کیں۔