15 مارچ ، 2014
کراچی…لیاری میں امن کے لیے لیاری گینگ وارکے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات میں بابا لاڈلا اورعزیر بلوچ گروپ میں اتفاق ہوگیا ہے اور انہوں نے لڑائی بند کرنے کااعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ لیاری میں عزیر جان بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپوں نے آج سے اپنے اختلافات ختم اور لڑائی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، قیام امن کیلئے لیاری اتحاد کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ ایاز لطیف پلیجو نے حیدر آباد میں اپنی رہائش گاہ پر عزیر جان بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپ کے نمائندوں سے ملاقات کی، بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران 9نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں گروپ آج سے اختلافات ختم کر کے لڑائی بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں، لیاری میں قیام امن کیلئے ایاز لطیف پلیجو کی سربراہی میں لیاری اتحاد کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی میں عزیربلوچ کی جانب سے ثانیہ بلوچ اور بابا لاڈلہ کی جانب سے عبدالمجید سربازی شامل کئے گئے ہیں۔ اگر کوئی غلط فہمی ہوئی تو دونوں گروپ لیاری اتحاد کمیٹی سے رابطہ کریں گے۔ مشترکہ اعلامیے میں نقل مکانی کرنے والوں سے واپس آنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ افراد لیاری میں ہوں، ملیر میں ہوں یا ناظم آباد میں ،ان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیاری میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو 20,20 لاکھ اور زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔