17 مارچ ، 2014
شکارپور…شکارپورمیں پسند کی شادی پر دوہفتے قبل دو لڑکیوں کو کاری قرار دے کر قتل کر دیا گیا تھا۔ جرگے نے فیصلہ سنایا ہے کہ دونوں لڑکوں کو قتل سے بچنا ہے توا نہیں 24لاکھ روپے جرمانہ اداکرنا ہوگا۔ ڈی آئی جی نے جرگے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ جرگہ مسلم لیگ ف کے ایم این اے غوث بخش مہر کی سربراہی میں شکارپور میں ہوا۔ جس میں دو ہفتے قبل وزیرآباد میں کاری قرار دے کر قتل کی جانے والی مہر برادری کی لڑکیوں سے شادی کرنے والے جاگیرانی قبیلے کے لڑکوں کو بھی کارا دینے کا فیصلہ سنایا گیا۔ جرگہ عمائدین نے فیصلہ سنایا کہ لڑکوں پر 24لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اگر وہ یہ رقم ادا کر دیتے ہیں تو پھر ان کے خلا ف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ جرگے میں لڑکیوں کے اغوا اور قتل کے درج مقدمات کے خاتمے کے لیے پولیس کیلئے بھی چار لاکھ روپے مقرر کیے گئے جو لڑکے والے ادا کریں گے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ خادم رند نے جرگے کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سٹی کامران نواز کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔