22 مارچ ، 2014
حب…حب میں دو مسافر بسوں اور دو ٹرکوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 35مسافر جھلس کر جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے۔ گاڑیوں میں آگ لگنے کی وجہ بس کی چھت پر رکھے اسمگل شدہ تیل کے ڈرم تھے۔ بدنصیب بسیں کوئٹہ اور تربت سے چلی تھیں، منزل تھی کراچی، مگر منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی گڈانی موڑ پر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئیں۔ صبح ساڑھے چھ بجے، آر سی ڈی ہائی وے پر ایک ٹرک کا ٹائر گہرے گڑھے میں پھنس کر پھٹ گیا اور ٹرک بے قابو ہوگیا۔ کوئٹہ سے آنے والی کوچ ٹرک سے ٹکرا گئی، اسی دوران تربت سے آنے والی کوچ نے اوورٹیک کیا اور سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تربت والی کوچ کی چھت پر تیل سے بھرے ڈرم رکھے تھے، جن کے پھٹنے سے آگ لگ گئی اور چاروں گاڑیاں لپیٹ میں آگئیں۔ حادثہ اتنا اچانک اور خوفناک تھا کہ بیشتر مسافر بس میں ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی مسافروں نے گاڑیوں سے کود کر جان بچائی۔ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد تربت سے آنے والی بس میں سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس، فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ سڑک پر موجود ایک گہرے گڑھے کے باعث پیش آیا۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں۔ شدید زخمیوں اور مرنے والوں کی لاشیں کراچی منتقل کردی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ زخمی مسافروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔