23 مارچ ، 2014
مٹھی…تھر میں امدادی سامان پہنچانے والے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں کی ادائیگی کے بعد امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچانا شروع کردیا ہے، جبکہ کلوئی میں سرکاری اسپتال بند کردیا گیا۔تھر میں قحط متاثرین کو امدادی گندم پہنچانے والے ٹرانسپورٹرز کو کرایوں کے بقایاجات کی ادائیگی کے بعد دیہی علاقوں میں امدادی گندم کی فراہمی شروع ہوگئی ہے، اس سلسلے میں مٹھی، اسلام کوٹ، ننگر پارکر، ڈیپلو اور چھاچھرو میں ٹرانسپوٹروں نے احتجاج ختم کرتے ہوئے سرکاری گوداموں سے امدادی گندم پہنچانا شروع کر دی ہے، دوسری جانب سول اسپتال میں داخل بچوں کی حالت میں بہتری آئی ہے، تاہم آٹھ ہزار آبادی والے شہر کلوئی میں سرکاری اسپتال بند کردیا گیا ہے، حکومت نے تھر میں ایمرجنسی نافذ ہوئے محکمہ صحت سمیت دیگر اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی تھیں مگر اسکے باوجود کلوئی کا سرکاری اسپتال بند کردیا گیا ہے، تھر میں مختلف فلاحی و سماجی تنظیموں کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی کا دائرہ دور دراز علاقوں تک بڑھادیا گیا ہے۔