05 اپریل ، 2014
کابل… افغانستان میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ آج ڈالے جائیں گے، ایک کروڑ دس لاکھ ووٹرز آٹھ امیدواروں میں سے چناوٴ کریں گے۔ افغانستان میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں آٹھ امیدوار آمنے سامنے ہوں گے، صدارت کی کرسی کی دوڑ میں سابق افغان وزیر خارجہ اور اتلاف ملی پارٹی کے رہنما عبداللہ عبداللہ، سابق وزیر خزانہ اور آزاد امیدوار اشرف غنی احمد زئی، سابق وزیر خارجہ اور آزاد امیدوار زلمے رسول، آزاد امیدوار محمد داوٴد سلطان زئی، آزاد امیدوار قطب الدین حلال، آزاد امیدوار گل آغا شیر زئی، دعویٰ اسلامی کے سربراہ عبدالرب رسول سیاف اور آزاد امیدوار ہدایت امین ارسلہ شامل ہیں۔ میدوار تو 8 ہیں مگر سب کی نظریں تین امیدوار اشرف غنی احمد زئی، زلمے رسول اور عبداللہ عبداللہ پر ٹکی ہیں جن کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ اشرف غنی اور عبد اللہ عبداللہ کا نعرہ تبدیلی ہے تو زلمے رسول موجودہ صدر حامد کرزئی کے پسندیدہ امیدوار ہیں۔ عبداللہ عبداللہ اور زلمے رسول التو ا کا شکار امریکا افغان سیکورٹی معاہدے پر دستخط کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔ افغان الیکشن کمیشن کے مطابق افغانستان میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل، 38 لاکھ نئے رجسٹرڈ ووٹرز ہیں،جن میں 13 ہزار سے زائد افغان خواتین شامل ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کہتی ہے صدارتی انتخابات کے لیے 4 لاکھ سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے، دہشت گردی کے بڑھتے خطرات اور کمزور سیکورٹی کے حالات اپنی جگہ مگر اس بار افغان انتخابات میں عوام کا جوش اور عزم دیدنی ہے۔