25 اپریل ، 2014
اسلام آباد…پاکستان اسٹیل کی بھٹیاں دوبارہ روشن کرنے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ساڑھے اٹھارہ ارب روپے کا پیکیج منظور کرلیا، کمیٹی نے اگلے سال کے وسط تک ادارے کو منافع بخش بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی تنظیم نو کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ منصوبے کے مطابق ساڑھے اٹھارہ ارب کے پیکیج میں سے 12?5 ارب روپے فوری طور پر جاری ہونگے جس سے خام مال خریدا جاسکے گا۔3 ارب روپے کی دوسری قسط ستمبر جبکہ اتنی ہی رقم دسمبر میں دی جائے گی۔منصوبے کے تحت دسمبر تک پاکستان اسٹیل کی پیداوار ، صلاحیت کے 77 فیصد تک لائی جائے گی اور اگلے سال کے وسط تک ادارے کو منافع بخش بنا کر نجکاری کا عمل شروع کردیا جائے گا۔کمیٹی نے اجلاس میں آلو کے نرخوں کا بھی جائزہ لیا اور فیصلہ کیاکہ اگر 5 مئی تک اس سبزی کی قیمت کم نہ ہوئی تو اس کی درآمد پر 25 فی صد ڈیوٹی ختم کرکے برآمد پر 25 فی صد ڈیوٹی لگا دی جائے گی۔