29 اپریل ، 2014
کراچی…کراچی کے عوام پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب ہی کیا کم تھا کہ اب فلار ملرز کی ہڑتال بھی ساتویں روز میں داخل ہوگئی ہے، مارکیٹو ں میں آٹے کی فراہمی کم ہونے سے عوام کو ڈھائی نمبر آٹا ایک سے چار روپے فی کلو مہنگا خریدنا پڑرہا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں فلار ملرز کی ہڑتال کے باعث ریٹیل مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی متاثر ہورہی ہے،جن علاقوں میں ڈھائی نمبر آٹا دستیاب ہے وہاں فی کلو آٹا 40 روپے جبکہ جن علاقوں میں کمی کا سامنا ہے وہا ں 44 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔ آل پاکستان فلار ملرز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین چوہدری محمد یوسف کے مطابق گزشتہ روز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج سے ملک بھر کی فلار ملز روزانہ تین گھنٹے بند رہیں گی،اور اگر اتوار تک محکمہ خوراک نے ان کے مطالبات نہ مانے تو آئندہ ہفتے سے غیرمعینہ مدت کیلئے ملک بھر کی فلار ملز بند کردی جائیں گی۔ ملرز نے مطالبہ کیا ہے کہ کہ اندرون سندھ اور پنجاب سے آنے والی گندم کے فی ٹرک سے محکمہ خوراک کے حکام 5 سے 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہیں،رشوت کو روکا جائے۔