29 اپریل ، 2014
جینوا… بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں پولیو کی صورت حال پر رپورٹ پیش کر دی گئی ، عالمی برادری کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے تحت کام کرنے والی انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی میں بین الاقوامی برادری کے 14 ارکان اور 7 مشیر شامل ہیں۔کمیٹی کا اجلاس جنیوا میں ہوا جس میں پاکستان میں پولیو کی صورت حال پر رپورٹ فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا نے پیش کی۔جیونیوز سے بات کرتے ہوئے عائشہ رضا نے بتایا کہ پاکستان میں معیشت اور سیکیورٹی کی خراب صورت حال کے باوجود انسداد پولیو مہمات بھرپور طریقے سے چلائی جارہی ہیں حالاں کہ 59 اہل کار مارے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں صحت کا انصاف پولیو مہم کامیاب رہی ، اسی طرز پر کراچی میں بھی مہم چلائی جارہی ہے۔عائشہ رضا نے امید ظاہر کی ہے کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے سفری پابندیاں عائد نہیں کرے گی ، اور اگر ایسا ہوا بھی تو عارضی طور پر ہوگا۔