22 جنوری ، 2012
جوہانسبرگ … جنوبی افریقا نے گریم اسمتھ اور کپتان ڈی ویلیئرز کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو پانچویں ون ڈے میں جیت کے لئے 313 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیو وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو انہیں کافی مہنگا پڑا جب جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوررز میں 4 وکٹ پر 312 رنز بنالئے۔ پروٹیز اوپنر گریم اسمتھ 125 رنز بنا کر مالنگا کے ہاتھوں پویلین لوٹے انہوں نے اننگز میں 4 چھکے اور 9 چوکے لگائے تو دوسری جانب کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے بھی صرف 98 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے برق رفتار ناقابل شکست 125 رنز بنا ڈالے۔ سری لنکا کے بولرز متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرسکے ان کے سب سے کامیاب بولر مالنگا نے 79 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، سینا نائکے نے 1 وکٹ کے لئے 50 رنز دیئے جبکہ تھیسارا پریرا کوئی وکٹ لئے بغیر 7 اوورز میں 64 رنز دے کر مہنگے ترین بولر رہے۔