02 مئی ، 2014
لاہور…وفاقی وزیر ٹیکسٹائل عباس خان آفریدی نے کاروں میں سی این جی کو عیاشی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایندھن صرف ٹیکسی اور بسوں کو ملنا چاہئے۔ وفاقی وزیر عباس خان آفریدی نے لاہور میں آپٹما رہنماوٴں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عباس آفریدی کا کہنا تھا کہ توانائی بحران اور دیگر مسائل حل کریں گے، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بند نہیں ہونے دیں گے، اس سیکٹر کو مراعات دے کر برآمدی ہدف 26 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ چیئرمین آپٹما پنجاب ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ انڈسٹری توانائی بحران کے باعث تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔